گورکھپور، 15؍جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بین الاقوامی یوگا دیوس کو عوامی تحریک بنانے کی اپیل کرتے ہوئے آج دعوی کیا کہ تمام فائدے کی وجہ سے دنیا یوگا کے اس قدیم ہندوستانی طریقے کے پیچھے بھاگ رہی ہے۔یوگی نے گورکش پیٹھ میں منعقد یوگا تربیتی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جب آئندہ 21؍جون کو ملک کے مختلف علاقوں میں کروڑوں لوگ یوگا کے ساتھ خود کوجوڑیں گے ، اس وقت دنیا کے تقریبا 200 ممالک بھی ہندوستان کی اس یوگا روایت سے جڑتے نظر آئیں گے۔اس سال یہ اترپردیش کے لیے خصوصی خوش قسمتی کا موقع ہے کہ خود وزیر اعظم مودی یوگا دیوس کے موقع پر لکھنؤ میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شریک ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوگا دیوس کے موقع پر ہم اسے ایک عوامی تحریک کی شکل دیں ۔دنیا کے تقریبا 200ممالک جب ہندوستان کی اس سناتنی روایت کے ساتھ ایک بار میں خود کو جوڑے ہوئے دکھائی دیں گے، تب ہندوستان کے وزیر اعظم کی قیادت میں 125کروڑ کی آبادی بھی یوگا کے ساتھ جھومتی دکھائی دے ، ہمیں ایسی عوامی تحریک ملک میں کھڑا کرنے کی تیاری کرنی چاہیے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ یوگا دیوس کے موقع پر ملک اور ریاست کے مختلف حصوں میں ایسے کیمپ منعقد ہوں گے، ضلع انتظامیہ تعاون کرے گا، ریاستی حکومت اس میں بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یوگا ہندوستان کا قدیم طریقہ ہے اور یہ یہاں کی رشی روایت کا تحفہ ہے،یوگا کی اہمیت کو ویدوں سے لے کر سبھی قدیم کتابوں میں بھی تسلیم کیا گیا ہے، یوگا کے اس طریقہ کو بین الاقوامی منظوری دلانے کا اہم کام وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا ہے، ہندوستان کی سناتنی ثقافت کے تئیں عقیدت رکھنے والے ہر شخص کو وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ۔وزیر اعلی نے کہا کی یوگا دنیا کو ہندوستان کی دین ہے اور آج دنیا یوگا کے اس قدیم ہندوستانی طریقے کے پیچھے بھاگ رہی ہے کیونکہ اسے معلوم ہے کہ اس کے مادی اور روحانی فوائد ہیں، ہم سب کو ہندوستان کی اس قدیم روایت کے ساتھ خود کو جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے ، یہ موقع ہے جب ہم دنیا کے سامنے اس رشی تحفہ کو لے جاکر کہہ سکتے ہیں کہ ہندوستان نے جس روحانی قیادت کی بات کہی تھی وہ محض یقین دہانی نہیں تھی ۔